کوئٹہ (ویب ڈیسک): صوبہ بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو غیرت کے نام پر سرعام قتل کردیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر بلوچستان کے علاقہ ڈغاگاری کا ہے اور یہ علاقہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے صرف چند ہی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جہاں یہ انسانیت سوز واقعہ پیش آیا۔
اہم ترین الرٹ 🚨
میں آج یہ بولنے پر مجبور ہورہا ہوں کہ واقعی میں بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ انکے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے بلوچستان میں درندگی اپنے عروج پر ہے ایک جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا !!
خاتون نے قتل ہونے سے پہلے کہا مجھے صرف ماردینا کیونکہ خاتون کو پتہ تھا یہ… pic.twitter.com/wBzdXQvVxx
— Mohammad Shehzad Khan (@MShehzadSpeaks) July 20, 2025
بتایا گیا ہے کہ پسند کی شادی کرنے کے جرم میں جرگہ اکٹھا کرکے شیتل نامی لڑکی اور لڑکے زرک کو گولی مارنے کا حکم دیا گیا، جس پر شیتل کے بھائی جلال جلالی نے درجنوں مردوں کی موجودگی میں غیرت کے نام پر اپنی بہن اور اس سے پسند کی شادی کرنے والے لڑکے کو موت کے گھاٹ اتار دیا، غیرت کے نام پر ناصرف جوڑے کا سرعام قتل کیا گیا بلکہ اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی جو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی وڈیو وائرل ہونے پر واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات اوراس میں ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا، ترجمان صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت میں مدد کریں اور واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے اپنا ذمہ دارانہ معاشرتی کردار ادا کریں۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے فوری طور پر واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جائے وقوعہ کا تعین کرکے اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، وزیر اعلیٰ نے کہا ہے ایسی سفاکانہ حرکات نہ صرف ناقابل برداشت ہیں بلکہ یہ معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کی سنگین توہین بھی ہیں۔
ترجمان صوبائی حکومت نے مزید یہ بھی کہا کہ ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وڈیو میں دکھائی گئی بربریت ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور حکومت بلوچستان اس ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی، واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے تمام قانونی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔