کراچی (ویب ڈیسک): بینک آف امریکا نے پاکستان کےڈالر بانڈ کا درجہ مارکیٹ ویٹ سے بڑھاکرہیوی ویٹ کردیا۔بینک آف امریکا کے مطابق پاکستان کے ڈالربانڈکا بھاؤ مارکیٹ کے بھاؤ سے زیادہ ہے چنانچہ بینک نے پاکستان کےڈالر بانڈ کا درجہ مارکیٹ ویٹ سے بڑھاکرہیوی ویٹ کردیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں الیکشن نے سیاسی بے یقینی کم کی ہے جس کے بعد پاکستان کےڈالربانڈ میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور سیاسی بے یقینی ختم ہونے سے پاکستانی ڈالر بانڈ اچھا قراردیا جانے لگا ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہوسکتی ہے، پالیسی خدشات گزشتہ برس جیسے ہیں تاہم آئی ایم ایف معاہدے سے وہ بھی ختم ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2026 کیلئے پاکستان کے بانڈ کا بھاؤ اس وقت 77 ڈالر ہے، سال 2026 کیلئے پاکستان کے بانڈ کی خریداری 83 ڈالرکے ہدف کے ساتھ کررہے ہیں جب کہ اپریل 2024 میں میچور ہونے والے ایک ارب ڈالر کی ادائیگی اعتماد مزید بڑھائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اپریل ادائیگی سے پاکستانی بانڈ کی خریداری مزید بڑھے گی، پاکستان کیلئے نیا آئی ایم ایف پروگرام اعتماد بڑھائے گا جب کہ پاکستانی بانڈ کی قیمت پر ایس اینڈ پی کی ریٹنگ بہتری کی توقعات کا اثربھی ہوگا ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ مارکیٹ کی نظریں کابینہ کے انتخاب پررہیں گی اور آئی ایم ایف شرائط پوری کرنےکی کابینہ اراکین کی صلاحیت پرنظریں رہیں گی۔