ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ ہدایت کار ساجد خان نے بھارتی میڈیا پر اپنی موت کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں گزشتہ روز یہ دعویٰ کیا گیا کہ ساجد خان طبیعت کی خرابی کے سبب انتقال کرگئے ہیں جب کہ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہدایت کار کو کئی سالوں سے کینسر تھا جو ان کی موت کی وجہ بنا۔
بھارتی میڈیا پر ساجد خان کے انتقال کی خبریں گردش کرنے پر ان کے مداح بھی ان کی موت کی خبر پر یقین کر بیٹھے جس پر ساجد خان نے اپنے زندہ ہونے کا بتاتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کیا۔
ساجد خان نے اپنی ویڈیو پر افواہوں کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ ابھی ہم زندہ ہے۔
ساجد خان نے یہ ویڈیو پیغام انسٹاگرام پر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کسی میڈیا نمائندے نے غلطی سے میری تصویر لگا دی ہے لیکن انتقال اداکار ساجد خان کا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ساجد خان نے فلم’مدر انڈیا’ میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ ‘سن آف انڈیا’ میں بھی کام کیا ہے جب کہ ان کی فلموں میں ‘مایا’، ‘مائی فنی گرل’ جیسی دیگر فلمیں بھی شامل ہیں۔