کراچی (نجات نیوز) کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت جا کر کھیلنے سےمتعلق واضح طور پر کہہ دیاکہ اگر حکومت منع کرے گی تو کھیلنے نہیں جائیں گے ۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے معاملے پر اے سی سی میں دیکھیں گے کہ کیا معاملات ہیں ، ہم ایسا فیصلہ کریں گے کہ خود بھی تنہا نہ ہوں ۔ پاک بھارت کرکٹ کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہی ہوتا ہے، بھارت جانے کے معاملہ پر حکومت نے کہا کہ نہ جاؤ تو نہیں جائیں گے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ رمیز راجا کی عزت کرتا ہوں، انہیں کمنٹری سے بالکل نہیں روکا جائے گا، بابر اعظم پاکستان کا سٹار ہے، وہ ہمارے دلوں میں ہے، بابر کے بغیر ٹیم کا مزہ نہیں ہو گا۔ سٹیڈیمز کے نام تبدیل کرنے کے حق میں نہیں ہوں، آٹھ دس کروڑ روپے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا گیا ہے، دنیا میں کہیں سپانسرکے نام پر سٹیڈیم نہیں۔