لاس ویگاس (ویب ڈیسک): امریکا میں سزا سنانے پر مجرم نے خاتون جج پر مکوں کی بارش کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکا کے شہر لاس ویگاس میں پیش آیا جہاں ایک ملزم کو عدالت میں سزا سنائی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کلارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ عدالت میں بدھ کے روز 30 سالہ ملزم ڈیوبرا ریڈن کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اسے نیواڈا اور ٹیکساس میں کئی جرائم میں ملوث ہونے کی سزا سنائی گئی۔
ملزم کو سزا خاتون جج میری کی ہولتھو نے سنائی جسے ملزم برداشت نہ کرسکا اور غصے میں آکر اس نے خاتون جج کی بینچ پر چھلانگ لگائی اور جج کو مکے مارنا شروع کردیے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون جج زمین پر گرگئیں جب کہ کمرہ عدالت میں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن ملزم نے ان پر بھی مکے برسادیے جس سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔
بعدازاں دو سے تین سکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کو پکڑ ا اور اسے کمرہ عدالت سے باہر لے گئے۔