راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک): انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست کے بعد سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے لائیو ٹی وی شو کے دوران کہا کہ پاکستانی ٹیم میں موجود کرکٹرز ملک کی نمائندگی کرنے کے قابل نہیں، آپ جو بو رہے ہیں وہی کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن انگلینڈ کی ہوم گنڈیشنز میں آپکے خلاف 800+ رنز بنارہی ہے، بنگلادیش آپکو سیریز میں شکست دے کر جارہا ہے، یہ نہایتی مایوس کن صورتحال ہے۔
سابق کرکٹر نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر زور دیا کہ وہ ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں، شائقین کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو ڈبلیو ٹی سی سے دستبردار ہونا چاہیے۔
آئی سی سی ضرور سوچ رہا ہوگا کہ ‘کیا ہمیں ٹیمیں پاکستان بھیجیں اور ان کے ٹیسٹ اسٹیٹس کو برقرار رکھیں’، اسی کرکٹ سے پاکستانی فینز دور ہورہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آخری بار 1 ہزار 331 دن قبل ٹیسٹ فتح سمیٹی جب بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو راولپنڈی میں ہرایا تھا، اس کے بعد سے قومی ٹیم مسلسل ہزیمت سے دوچار ہے۔