لاہور / امرتسر (ٹیک ڈیسک): بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے گزشتہ دو روز کے دوران لاہور/ امرتسر انٹرنیشنل بارڈر پر مبینہ طور پر تین ڈرون مار گرانے اور ڈھائی کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بی ایس ایف نے الزام لگایا کہ پاکستانی اور بھارتی اسمگلر منشیات اور اسلحہ کی ترسیل کے لیے اب ڈرون استعمال کر رہے ہیں۔بی ایس ایف کے ترجمان کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب لاہور/ امرتسر انٹرنیشنل بارڈر پر تین مختلف مقامات پر تین چھوٹے ڈرون مار گرائے گئے ہیں، گرائے جانے والے دو ڈرونز کے ساتھ ہیروئن بھی برآمد کی گئی ہے۔
بھارتی حکام نے یہ بھی الزام لگایا کہ تیسرا ڈرون پاکستانی حدود میں جاگرا تھا جس کی وجہ سے اس کا ملبہ نہیں مل سکا ہے۔
دوسری طرف پاکستانی حکام کی طرف سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ بھارتی حکام کافی عرصہ سے چھوٹے ڈرون طیاروں کی مدد سے منشیات اور اسلحہ سمگل کیے جانے کے دعوے کر رہے ہیں۔
واضع رہے کہ دونوں ممالک کی سرحدی فورسز اسمگلنگ کی روک تھام اور اسمگلروں سرکوبی کے لیے سرچ آپریشن بھی کرتی ہیں اور ماضی میں کئی اسمگلر مارے بھی گئے ہیں۔