استنبول (ویب ڈیسک): ترک صدر طیب اردوان نے تباہ حال علاقوں کی تعمیر نو کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے میں بے گھر ہونے والے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور جدید رہائشی کی فراہمی کے لیے دن رات ایک کردیے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں 26 فروری کو آنے والے زلزلے میں 50 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور 5 ہزار کے قریب رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئی تھیں۔
ایک اندازے کے مطابق زلزلے میں 80 لاکھ سے زائد شہری بے گھر ہوگئے تھے جنھیں دوبارہ آباد کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام شروع کردیا گیا ہے جس کی نگرانی ترک صدر خود کر رہے ہیں۔
ترک صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اللہ کی مدد سے متاثرین کی جلد از جلد آباد کاری کے اپنے وعدے کو پورا کریں گے جس کے لیے دن رات بغیر رکے کام کر رہے ہیں۔
صدر طیب اردوان نے مزید کہا کہ ملبہ اُٹھا رہے ہیں اور ساتھ ہی 3 لاکھ 9 ہزار آرام دہ اور محفوظ مکانات کی تعمیر کا آغاز کردیا ہے جہاں ہمارے بھائی بہن اور بچے سکون سے رہ سکیں گے۔
ترک صدر نے زلزلے سے متاثرہ ایک علاقے کا دورہ بھی کیا اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وہ شہریوں میں گھل مل گئے اور ان کے دکھوں کو بانٹا۔