اسلام آباد(ویب ڈیسک ): فیض آباد دھرنا کمیشن نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق فیض آباد دھرنا کمیشن نے بیان قلمبند کرانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کو تین جنوری کو طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کمیشن نے شہباز شریف کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے فیض آباد دھرنے سے متعلق شہباز شریف کے لیے سوالنامہ بھی تیار کرلیا ہے۔
واضح رہےکہ انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ 22 جنوری کو سپریم کورٹ میں جمع کرانی ہے، اس سے قبل کمیشن سابق وزیر احسن اقبال، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کیا تھا جب کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کمیشن میں طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے جس پر انہیں دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
تحریک لبیک کے فیض آباد دھرنے کے موقع پر پنجاب میں شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے اور گزشتہ سال نومبر میں نگران حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔