کراچی (ویب ڈیسک): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پوائنٹس آف سیل پر عمل درآمد نہ کرنے پر ڈولمین مال میں 5 شو رومز سیل کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے طارق روڈ پر واقع ڈولمین مال کے پانچ شو رومز کو سیل کردیا۔
ایف بی آر کارپوریٹ ٹیکس آفس کراچی نے پوائنٹس آف سیل پر عمل نہ کرنے پر شو رومز کو سیل کیا۔
ایف بی آر کارپوریٹ ٹیکس آفس کراچی نے طارق روڈ ڈولمن مال پر اینڈی بڈز کی دکان کو سیل کردیا ، طارق روڈ پر الیاس کلکشن کی دکان کو بھی سیل کردیا گیا ، طارق روڈ پر ہی بالیز شوز کی تین برانچز کو سیل کیا گیا
کارروائی کے دوران ایف بی آر کے افسران میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کھوکھر ، جمشید علی صدیقی ، ایم آئی ایس آفیسر بھی موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ایف بی آر کی ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر عقیل اعوان اور سینئر ایڈیٹر الطاف میاں بھی موجود تھے۔
اس موقع پر جمشید علی صدیقی کا کہنا تھا کہ پوائنٹس آف سیل سے منسلک ہونے کے بعد ہر چیز کی فروخت پر سیل ٹیکس وصول کیا جارہا تھا، 5 دکانیں سیلز ٹیکس وصول کرکے قومی خزانہ میں ٹیکس جمع نہیں کرا رہیں تھیں
جمشید علی صدیقی کا کہنا تھا کہ ان تمام دکانوں کو تین ماہ سے نوٹسز بھیجے جارہے تھے مگر روز وقت مانگا جارہا تھا، اب ایف بی آر کی ہدایت پر ان تمام دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے۔