اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ انٹر سروسز انٹیلیجنس (ISI) کےسابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ٹی ٹی پی کو واپس پاکستان لانا چاہ رہے تھے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ریاض پیرزادہ نے کہا کہ ایک ان کیمرا اجلاس میں جنرلز نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان لایا جائے اور یہ تجویز جنرل (ر) فیض حمید نے دی تھی
انہوں نے کہا کہ اس وقت جنرل (ر) فیض نے تجویز دی تھی کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو مرکزی دھارے میں لایا جائے لیکن وہ بیک فائر کر گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے اس پر بات کی اور کہا تھا کہ ٹی ٹی پی کے ہاتھوں بینظیر بھٹو سمیت ہمارے کافی معتبر رہنما شہید ہوئے ہیں۔
وزیر انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ سابق آرمی چیف پر آرٹیکل 6 نہیں لگنا چاہیے کیوں کہ اگر یہ لگا تو دنیا کو کیا دکھائیں گے کہ پاکستان کا آرمی چیف بھی ملک دشمن ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ آئین کا آرٹیکل (6) سنگین غداری سے متعلق ہے۔