کراچی (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے گولفر حمزہ امین نے آسڑین نیشنل اوپن گولف چیمپئین شپ جیت کر قوم کو یوم آزادی کا تحفہ پیش کیا ہے۔آسڑین نیشنل اوپن گولف چیمپئن شپ میں حمزہ امین نے تھری انڈر پار کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں حمزہ امین کا کہنا تھا یہ میرا 11 واں پروفیشنل ٹائٹل ہے، ٹائٹل اپنے والد کے نام کرتا ہوں جو میرے ساتھ موجود تھے اور انہوں نے میری رہنمائی کی۔
ان کا کہنا تھا میں اپنے تمام سپورٹرز اور اہلیہ عشنا شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھاتی ہیں۔
ماڈل و اداکارہ عشنا شاہ نے بھی شوہر حمزہ امین کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ نے شاندار کامیابی حاصل کی اور لگاتار دوسری مرتبہ ٹائٹل جیتا۔
عشنا شاہ کا کہنا تھا حمزہ نے تمام کیٹگریز میں کامیابی حاصل کی، آپ کے ٹیلنٹ کا کوئی جوڑ نہیں ہے آپ نے تھکا دینے والے سفر اور پریکٹس کے بغیر کامیابی حاصل کی۔
اداکارہ و ماڈل عشنا شاہ کا کہنا تھا میں اس موقع پر موجود نہیں تھی لیکن ملک کے لیے کے اعزاز حاصل کرنے پر میرے ساتھ مل کر حمزہ کو مبارک دیں۔