نیو یارک (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایمبولینسز پر اسرائیلیوں پر حملوں پر خوف کا اظہا رکیا ہے۔ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ الشفا اسپتال کے باہر ایمبولینس کے قافلے پر اسرائیلی حملے سے انتہائی خوف زدہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسپتال کے باہر لاشوں کو پڑے ہوئے دیکھنا بہت خوفناک ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے فوری طور پر تنازع کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
ایمبولینسز پر حملہ، شہید فلسطینیوں کی تعداد 15 ہوگئی. میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہےکہ الشفا اسپتال کے باہر ایمبولینس پر حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب سابق یونانی وزیر خزانہ نے کہا ہےکہ غزہ میں ایمبولینس پرحملہ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، ایمبولینس پر حملےکے بعد کوئی اسرائیل پر جنگی جرائم عائد کرنے کیلئےعالمی فوجداری عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائےگا۔
وزارت صحت کے مطابق جنوبی علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کو پناہ دینے والے ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم 20 افراد شہید ہوئے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیل نے جمعہ کو رات بھر غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے جہاں غزہ کے مغربی علاقے النصر، جبالیا اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر انڈونیشین اسپتال کو بھی نشانہ بنایا جب کہ بریج کیمپ پر رہائشی عمارتوں پر حملے کیے گئے۔