کراچی (ٹیک ڈیسک): امریکی ادارے ناسا نے مریخ کی سطح سے ایک تصویر جاری کی ہے جسے بھالو سے تشبیہ دی جارہی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ تصویر مریخ کے اوپر واقع مدار میں نصب کیمرے ہائی رائز یعنی ہائی ریزولوشن امیجنگ ایکسپرٹ کی جانب سے لی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مریخ کی سطح پر سرکلر فریکچر (گول دائرے) کو بھالو کا سر اور دو گڑھوں کو اس کی آنکھیں اور وی کی شکل کو بھالو کی ناک اور منہ سے جوڑا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کہا جارہا ہے کہ مریخ کی سطح پر یہ گول دائرہ دو گڑھوں کی وجہ سے ہوسکتا ہے جو لاوا یا کیچڑ کی وجہ سے ابھرا ہوا تھا، ناک جیسی دکھنے والی سطح کو کہا جارہا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر آتش فشاں یا کیچڑ کا راستہ ہے۔
واضح رہے کہ ناسا کی جانب سے یہ تصویر گزشتہ سال لی گئی تھی اور ہائی رائز کیمرا 2006 سے مریخ کی تصاویر بنا رہا ہے۔