لاڑکانہ (نجات نیوز): سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب میں وزیر خارجہ و پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو نکالنے کے علاوہ ایک اور کامیابی آرمی چیف کی باوردی تقریر میں سیاست میں مداخلت کا اعتراف ہے۔
گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ عمران خان کو آخری وارننگ دے رہے ہیں،آئیں اورواپس پارلیمان میں بیٹھیں، پارلیمنٹ میں آؤ، اپنے آپ کو سیاسی لیڈر اور جمہوریت پسند کہتے ہوتو آؤ پارلیمان میں بیٹھو اوراپنا کام کرو، ہم نے اپوزیشن بنچزپربیٹھ کر آپ کوچارسال بھگتا اوراپنا کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن میں آتے ہی پہلے دن سے نخرے شروع کردیے اور باہر رونا شروع کردیا، اس فلسفے کے مطابق چل رہے ہوکہ آپ کونہیں کھیلنے دیا توکسی اورکوکھیلنے نہیں دو گے، عمران خان کی حرکتوں کی وجہ سے پاکستان اورعوام کا نقصان ہورہا ہے، آخری وارنگ ہے آؤ پارلیمان میں بیٹھو اور حصہ بنو، آپ پارلیمان کےلیے اجنبی ہیں، آپ پارلیمان میں آؤ پھرحکومت اورسیاسی جماعتیں آپ سے بات کرسکیں گی، سڑکوں پرپھرکرکالعدم تنظیموں سے ہم بات نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھاکہ آئیں پارلیمان کا حصہ بنیں، اپنا کردار ادا کریں اورہم الیکشن میں مقابلہ کرتے ہیں، پارلیمان میں آکراصلاحات پربات کریں، صاف شفاف الیکشن کےلیے اپنا حصہ ڈالیں، آئیں،نیب اصلاحات پراپنا حصہ ڈالیں، نہیں چاہتے آپ کے ساتھ وہی ہو، آپ جیل میں ہوں اور سابق خاتون اول کے ساتھ آپ کے بچے پھریں، نہیں چاہتا کہ آپ کے خلاف بھی نیب استعمال ہو، نہیں چاہتا کہ کسی کے پاس دھاندلی دھاندلی کابہانہ ہو، آپ آئیں اوراپوزیشن میں رہ کراپنا کام کریں ترمیم میں اپنا حصہ ڈالیں، آپ پارلیمان میں آئیں ہرچیزپربات ہوسکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ آپ نخرے کریں گے، سازشیں کریں گے آرٹیکل 6 کی حرکت میں شامل ہونگے توہم جانتے ہیں آپ کا بندوبست کیسے کرنا ہے، آپ کے ساتھ توابھی تک کچھ ہوا ہی نہیں،ابھی سے رورہے ہو، آپ نے نواز شریف کی بیٹی اورآصف زرداری کی بہن کوگرفتارکیا، آپ کی بھی بہن، بیٹی اوراہلیہ ہے، ابھی تک ان کے خلاف کسی نے کارروائی نہیں کی، ہم سیاسی انتقام میں یقین نہیں رکھتے، اگرآپ جمہوریت کا حصہ نہیں بنیں گے تو جنہیں یہ کام کرنا ہے ہم انہیں نہیں روک سکتے، آپ کے ساتھ جوہوگا وہی آپ برداشت نہیں کرسکیں گے۔
“عوام جانتی ہے کہ 4 سال میں اس ملک کے ساتھ کیا مذاق کیا گیا اور عوام یہ بھی جانتی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو معاشی اور خارجہ سطح پر مشکلات سے پاکستان کو نکال سکتی ہے۔”@BBhuttoZardari#SalaamBenazirBhutto
9/9 pic.twitter.com/LFYf2X0OfG
— Pakistan Peoples Party – PPP (@PPP_Org) December 27, 2022
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری 11 سال جیل میں رہ کر ہنس کروکٹری کا نشان بناکر نکلے، آپ کے کارکن بھی یہ سب برداشت نہیں کرسکیں گے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ عمران خان کو وائٹ ہاؤس نے نہیں بلاول ہاؤس نے گھر بھیجا، پہلی بار کسی وزیراعظم کو عدالت یا فوج نے نہیں بلکہ جمہوری طریقے سے عدم اعتماد کرکے گھر بھیجا گیا اور وہ عوام کا کریڈٹ امریکا کو دے رہا ہے، کس نے اس سلیکٹڈ کو اس بات کی اجازت دی کہ وہ ان دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیکے اور ان سے بات کرے؟ ایک نالائق کو ہمارے سر پر مسلط کر دیا گیا جس کی وجہ سے دہشت گردی بڑھی۔