کراچی (ٹیک ڈیسک): اگر آپ نے اپنے گوگل اکاؤنٹ کو کافی عرصے سے استعمال نہیں کیا تو بہتر ہے کہ اس پر لاگ ان ہو جائیں۔اگر آپ 30 نومبر تک اپنے غیر فعال گوگل یا جی میل اکاؤنٹ پر لاگ ان نہیں ہوئے تو کمپنی کی جانب سے اسے ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔خیال رہے کہ گوگل نے مئی 2023 میں اعلان کیا تھا کہ گزشتہ 2 سال سے غیر فعال اکاؤنٹس کو 2023 کے آخر تک ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
اس پالیسی کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو رہا ہے اور جی میل، ڈاکس، ڈرائیو، میٹ، کیلنڈر، یوٹیوب اور فوٹوز کے لیے غیر فعال گوگل اکاؤنٹس پر اس پالیسی کا اطلاق ہوگا۔
اس حوالے سے 30 نومبر تک صارف کے غیر فعال جی میل اکاؤنٹ سمیت ریکوری ای میل اکاؤنٹس پر متعدد ای میلز بھیجی جائیں گی۔
اگر صارف کی جانب سے کچھ نہ کیا گیا تو پھر یکم دسمبر کو اس کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا اور پھر اس تک رسائی ممکن نہیں ہوگی۔
اس پالیسی کا اطلاق مستقبل میں بھی ہوگا یعنی اگر صارف کوئی اکاؤنٹ 2 سال تک استعمال نہیں کرے گا تو کمپنی کی جانب سے اسے ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
مئی میں گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا تھا کہ غیر فعال اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
گوگل کا کہنا تھا کہ ان اکاؤنٹس کی سکیورٹی کمزور ہوتی ہے اور ایک بار وہ ہیک ہو جائیں تو انہیں غیر قانونی مقاصد یا اسپام مواد پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق سب سے پہلے ایسے گوگل اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جن کو بنانے کے بعد کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔
اس پالیسی کا اطلاق ذاتی گوگل اکاؤنٹس پر ہوگا جبکہ اداروں سے منسلک اکاؤنٹس متاثر نہیں ہوں گے۔