ممبئی (اسپورٹس ڈیسک): آئی سی سی ورلڈکپ کے 33 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 33 ویں میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے،شبمن گل 92، ویرات کوہلی 88 اور شریاس ائیر 82 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت کے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔302 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی کے بعد بھارت ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، روہت الیون سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے۔
بھارتی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے، بھارت نے 7 میچز کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ سری لنکا 7 میچز میں صرف 2 میچ جیت سکا ہے۔
بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز بھارتی کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے کیا لیکن ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم کے اوپنرز سری لنکن بولرز کے سامنے بھارتی ٹیم کو لمبی پارٹنر شپ فراہم نہ کرسکے۔
سری لنکن بولر مدوشنکا نے بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے اوور کی دوسری گیند پر بولڈ کرتے ہوئے صرف 4 رنز کیساتھ پویلین بھیج دیا۔ایک وکٹ گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور شبمن گل کے درمیان شاندار 189 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
بھارت کی دوسری وکٹ 193 رنز پر شبمن گل کی صورت گری جب مدوشنکا نے گل کو 92 رنز پر کیچ آؤٹ کیا اس کے بعد مدوشنکا نے ہی ویرات کوہلی کو 88 رنز پر پویلین بھیجا۔اس کے علاوہ شریاس ائیر نے 56 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کے ایل راہول 21، سوریا کمار 12، جڈیجا 35 اور محمد شامی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدو شانکا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ چمیرا نےایک وکٹ حاصل کی۔بھارت کے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، بھارتی بولرز کی تباہ بولنگ کے سامنے کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا۔
358 رنز کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 19.4 اوورز میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، کاسن راجیتھا 14 اور انجیلو میتھیوز 12 رنز بناکر نمایاں رہے، مدوشانکا 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کے 5 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ کوشل مینڈس اور چیریتھ اسالنکا ایک ایک رن بناسکے۔بھارت کی جانب سے محمدشامی نے 18 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سراج نے 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔جسپریت بمرا اور رویندرا جڈیجا نے ایک ، ایک وکٹ لی۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے،آسٹریلیا 8 پوائنٹس کے تیسرے اور نیوزی لینڈ بھی 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔پاکستان 7 میچز میں 3 میں کامیابی کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔