(ویب ڈیسک ):بھارتی ریاست اترپردیش میں ہفتے کوانتخابات کے آخری روز ہیٹ اسٹروک کے باعث انتخابی عملے کے 33 افراد ہلاک ہوگئے۔ریاست اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رنواکے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سکیورٹی گارڈ اور خاکروب شامل تھے، انہوں نے بتایا کہ ہلاک شدگان کے ورثا کو 15 لاکھ بھارتی روپے دیے جائیں گے۔
بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز جھانسی میں درجہ حرارت 46.9 ڈگری تک پہنچا جبکہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بالیا میں درجہ حرارت 61 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز ملک میں ہیٹ اسٹروک سے مجموعی طور پر 58 افراد ہلاک ہوئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اترپردیش کے علاوہ ریاست بہار میں ہفتے کے روز 10 افراد شدید گرم موسم کے باعث ہلاک ہوئے جبکہ ریاست اڑیسہ میں بھی ہیٹ اسٹروک کے باعث کم از کم 9 افراد ہلاک ہوئے۔