نیو یارک (شوبز ڈیسک): ہالی وڈ اداکار کرسچن اولیور اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 51 سالہ کرسچن اولیور کا اصلی نام کرسچن کلیسپر تھا جنہوں نے اپنی 10 اور 12 سالہ بیٹیوں کے ساتھ ایک چھوٹے طیارے میں اڑان بھری تھی۔پولیس کے مطابق اداکار نے کیریبین کے ایک جزیرے پر واقع ملک کی ساحلی پٹی سے اڑان بھری تھی لیکن بدقسمتی سےکچھ ہی دوری پر جا کر طیارے کو حادثہ پیش آیا اور وہ کیریبین کے سمندر میں جاگرا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں اداکار اور ان کی دونوں بیٹیوں سمیت پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا جن کی لاشوں کو مقامی غوطہ خوروں اور ماہی گیروں نے ریسکیو کیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکار کے اہل خانہ کی جانب سے بھی ان کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کرسچن اولیور کا تعلق جرمنی سے ہے اور انہوں نے 2008 میں بننے والی ‘اسپیڈ ریس’ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جب کہ ان کی ویب سیریز ‘دی گوڈ جرمن’ اور ‘والکیری’ عوام میں کافی مقبول ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘لندن بلو’ اور ‘فور ایور ہولڈ دی پیس’ ان کی نئی آنے والی فلمیں ہیں جس کی ریلیز کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔