کراچی(ویب ڈیسک): ہائی وے فقیرا گوٹھ کے قریب گھر میں واردارت کے دوران اہلخانہ کے تشدد سے مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگیا جبکہ 3 نامعلوم مسلح ملزمان موقع پرسے فرار ہونےمیں کامیاب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق اتوارکی صبح سائٹ سپرہائی وے تھانے کے علاقے سپرہائی وے فقیرا گوٹھ بشیر چوک کے قریب 4 نامعلوم مسلح ملزمان ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تو گھرمیں سوئے ہوئے افراد جاگ گئےاور انھوں نےایک مبینہ ڈاکو کو پکڑلیا۔
گھرمیں موجود افراد نے پکڑے جانے والے ڈاکو کوتشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا،ا س دوران مبینہ ڈاکو سر پر ڈنڈا لگنے سے ہلاک ہو گیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او سائٹ سپرہائی وے اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ متوفی شخص سرپرڈنڈا لگنے سے ہلاک ہوا،علی الصبح تقریبا ساڑھے 4 بجے کے قریب 4 نامعلوم ملزمان جو اسلحہ ،خنجراورڈنڈے سے لیس تھے گھرمیں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے۔
اس دوران گھر میں موجود افراد جاگ گئے اورانھوں نے مسلح ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی، اسی دوران ایک مبینہ ڈاکو ان کے ہاتھ لگ گیا جبکہ 3 ملزمان موقع پرسے فرار ہوگئے ، اہلخانہ کے تشدد کے باعث پکڑا جانے والا مبینہ ڈکیت سر پر ڈنڈا لگنےسے ہلاک ہو گیا۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ واقعے کے دوران ڈنڈا ہاتھ پر لگنے سے مدعی بھی زخمی ہوا، انھوں نے بتایا کہ پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے ۔