کراچی (اسپورٹس ڈیسک):پاکستان سپر لیگ 8 کا اہم میچ آج دو بڑی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا نیشنل اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز اور پشاور زلمی ٹکرائیں گی۔پاکستان سپر لیگ 8 میں آج مقابلہ ہوگا ٹورنامنٹ کی دو بڑی ٹیموں کے درمیان۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز اور پشاور زلمی میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ کنگز کے شیر دھاڑیں گے جب کہ زلمی بھی پورا زور لگائیں گے۔
کرکٹ شائقین کو کنگز کے محمد عامر اور زلمی کے کپتان بابر اعظم کے ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار ہے اور ان کا یہ انتظار ختم ہونے کو ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔چھکوں، چوکوں کی برسات اور اڑتی وکٹوں کے مناظر کرکٹ کے دلدادہ افراد کو محظوظ کریں گے۔
ہائی والٹیج ٹاکرے سے پہلے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی اور تیاریوں کو حتمی شکل دی۔کراچی کنگز کی بیٹنگ مضبوط، بولنگ خطرناک ہے، 500 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے شعیب ملک کا ساتھ حاصل ہے تو شرجیل خان، حیدر اور میتھیو ویڈ بھی ٹیم کے اہم ہتھیار ہیں۔
پشاور زلمی میں اگر بابر اعظم جیسا بڑا اسٹار ہے تو محمد عامر بھی کنگز کے ٹرم کارڈ ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ بولر ہیں ویلنٹائن ڈے پر وہ بابر کو پھول نہیں دیں گے بلکہ وکٹیں لیں گے۔کنگز کے کپتان عماد وسیم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پچھلا سیزن بھول چکے اور انہوں نے کراچی کے کراؤڈ کو اپنا بارھواں کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔
دوسری جانب پشاور زلمی کی قیادت سنبھالنے والے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز سے 6 سال بہت پیار ملا اب کوشش ہے کہ زلمی کو ٹرافی جتواؤں۔
عامر اور بابر کا مقابلہ دیکھنے کیلیے شائقین اتنے پرجوش ہیں کہ میچ کے ٹکٹس نایاب ہوگئے ہیں۔ آج نیشنل اسٹیڈیم میں جو بھی ٹیم میدان مارے گی وہ ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کا مومینٹم حاصل کرلے گی۔
دوسری جانب آج کے بڑے میچ کے لیے بڑی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ فول پروف سیکیورٹی انتطامات کرتے ہوئے 7500 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جس میں ایس ایس یو کے کمانڈوز بھی شامل ہیں۔ ٹریفک پلان بھی مرتب اور جاری کردیا گیا ہے۔