کراچی (ویب ڈیسک): سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کراچی فرخ رضا نے گلستان جوہر میں ایک سابق پولیس افسر کے کیفے پر چھاپہ مار کر سرعام شیشہ چلانے کی سرپرستی کرنے پر ایس ایچ او کو معطل کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا گزشتہ رات سادہ لباس میں گلستان جوہر بلاک ون میں ریٹائرڈ ایس پی کے ‘کیفے چائے شائے’ کے نام سے بدنام زمانہ شیشہ کیفے جا پہنچے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی نے کیفے میں بیٹھ کر سامنے شیشہ چلتا دیکھا اور ایس ایچ او گلستان جوہر کو فون کرکے استفسار کیا کہ علاقے میں کہیں شیشہ کیفے تو نہیں چل رہا۔
ایس ایچ او گلستان جوہر مالک ابڑو نے انکار کردیا۔
ایس ایس پی نے جب ایس ایچ او کو گلستان جوہر کے شیشہ کیفے کا حوالہ دیا تو ایس ایچ او گلستان جوہر نے ایس ایس پی کو وہاں کی پرانی ویڈیو بھیج دیں۔
فرخ رضا نے ایس ایچ او کو بتایا کہ وہ خود وہاں بیٹھے ہیں اور شیشہ چل رہا ہے، انہوں نے ایس ایچ او کو بھی وہاں بلوا لیا، ایس ایس پی کو شیشہ کیفے میں دیکھ کر بھگدڑ مچ گئی۔
ایس ایچ او گلستان جوہر مالک ابڑو کو ایس ایس پی نے منظم جرم چلانے پر شیشہ کیفے میں ہی معطل کر دیا جب کہ ریٹائرڈ ایس پی کے خلاف فوری مقدمہ بھی درج کرکے شیشہ کیفے سیل کروا دیا گیا۔