پرتگال (ویب ڈیسک): دنیا کا سب سے طویل عمر پانے والا کتا بوبی 31 سال کی عمر میں چل بسا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پرتگال سے تعلق رکھنے والے کتے کا نام بوبی تھا جسے دنیا کا سب سے عمر پانے والے کتے کا لقب ملا۔بوبی کے مالک لیونل کوسٹا کی جانب سے بتایا گیاکہ بوبی جانوروں کے اسپتال میں پیر کے روز انتقال کرگیا اور اس نے 31 سال اور 165 دن کی عمر پائی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بوبی کی نسل کا تعلق ایک عام کتے کی نسل سے ہے جس کی عام طور پر زندگی 10 سے 14 سال کے درمیان ہوتی ہے لیکن بوبی وہ خوش نصیب کتا تھا جس نے 31 سال کی عمر پائی۔
اس کے علاوہ بوبی نے رواں سال فروری میں ہی دنیا کے سب سے طویل عمر پانے والے کتے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا جب کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے کتے کے پاس تھا جو 29 سال اور 5 ماہ کی عمر میں انتقال کرگیا تھا۔
بوبی کے مرنے کا دکھ گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بھی ہوا اور اس نے ایکس پر اس خبر کو دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شیئر بھی کیا۔