لاس ویگاس (ٹیک ڈیسک): سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) اور ٹیسلا کے مالک کی جانب سے ’کیج فائٹ‘ کے اعلان کے بعد مارک زکربرگ بھی کہتے ہیں کہ وہ ایلون مسک سے آج ہی لڑنے کے لیے تیار ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مالکان 51 سالہ ایلون مسک اور 39 سالہ زکربرگ لاس ویگاس میں ایک مکسڈ مارشل آرٹس کیج میچ میں ایک دوسرے کے ساتھ کیج فائٹ کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) کے مالک ایلون مسک نے کہا تھا کہ ’زکر بمقابلہ ایلون مسک فائٹ ’ایکس‘ پر لائیو اسٹریم کی جائے گی جس سے تمام آمدنی سابق فوجیوں کے لیے خیراتی ادارے میں جائے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’فائٹ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، کل میں اپنی گردن اور بالائی کمر کا ایم آر آئی کروا رہا ہوں‘۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’شاید فائٹ سے قبل سرجری کی ضرورت ہو، اس کا علم رواں ہفتے ہو جائے گا۔‘
ایلون مسک کے اس بیان کے بعد میٹا کے مالک مارک زکر برگ بھی میدان میں آگئے، انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’تھریڈز‘ پر ایلون مسک کی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایلون مسک سے آج ہی لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ کیج فائٹ کے لیے 26 اگست کی تاریخ تجویز کر چکے ہیں مگر ایلون مسک نے تصدیق نہیں کی۔
مارک زکر برگ نے ایلون مسک کا ایک اور اسکرین شاٹ شئیر کیا جس میں وہ کیج فائٹ کو لائیو اسٹریم دکھانے کا کہتے ہیں۔
جس پر میٹا کے بانی کہتے ہیں کہ ’اس کے لیے زیادہ قابل اعتبار پلیٹ فارم استعمال ہونا چاہیے جہاں فلاحی کاموں کے لیے فنڈز اکٹھے ہوتے ہیں (خیال رہے کہ انسٹاگرام اور فیس بک پر فنڈ جمع کرنے کا فیچر موجود ہے مگر ایکس میں نہیں)۔
مارک زکر برگ اور ایلون مسک کے درمیان کیج فائٹ کی خبریں اس وقت گردش کرنے لگی تھیں جب میٹا کے بانی نے ٹوئٹر کی طرز کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’تھریڈ‘ متعارف کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مارک زکربرگ کی جانب سے ٹوئٹر کے طرز کا پلیٹ فارم متعارف کروانے کی خبروں کے بعد ایلون مسک نے تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’کاپی‘۔
جس کے بعد مارک زکر برگ نےایک پوڈکاسٹ میں ٹوئٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے خیال میں ٹوئٹر وہ سوشل پلیٹ فارم نہیں رہا جو اسے ہونا چاہیے‘۔
بعدازاں 20 جون* کو ایلون مسک نے ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ وہ مارک زکر برگ کے لیے کیج فائٹ کے لیے تیار ہیں۔
جس پر زکربرگ نے بھی ایلون مسک کے جواب کا اسکرین شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے جگہ کا نام (لوکیشن) بھیجیں‘۔
جس پر ایلون مسک نے جوابی ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’ویگاس آکٹاگون‘ جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے تبصرے شروع کردیے۔
ویگاس آکٹاگون ایسی جگہ ہے جہاں الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (یو ایف سی) کے مقابلے ہوتے ہیں۔
اس خبر کے بعد ایکس (ٹوئٹر) اور میٹا کے مالکان کی جانب سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی تھی، تاہم اب دونوں کے درمیان کیج فائٹ کی خبریں دوبارہ گردش کرنے لگی ہیں۔