اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک): وفاقی وزیر احسن اقبال کاکہنا ہے کہ بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان اپنی ٹیم بھیجنی چاہیے کیونکہ پاکستان اپنی کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کو تیار ہے۔وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال نے پاک بھارت کھیلوں کے حوالے سےنجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کو سیاست سے علیحدہ رکھنا چاہیے، ماضی میں پاک بھارت میں تناؤ تھا لیکن کھیلوں پر اثرانداز نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان اپنی ٹیم بھیجنی چاہیے، پاکستان اپنی کرکٹ ٹیم بھارت بھیجنے کو تیار ہے، لڑائی کی بجائے بھارت اور پاکستان کو تعلیم کھیلوں صحت کے شعبے میں مقابلہ کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کھیلوں کو نظر انداز کیاگیاہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی کھیلوں کی فروغ کے لیے اپنا کردار ادا نہیں کیا، البتہ حکومت نے کھیلوں کو خصوصی ترجیحات میں شامل کیاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2025 کو کھیلوں کا سال قرار دیاگیا ہے، اس دوران سیف گیمز پاکستان میں کروانے کی بھرپور کوشش کی جائےگی، بھرپور کوشش ہے کہ 2025 میں پاکستان میں سیف گیمز کا انعقاد ہو، 2025 کو کھیلوں کی بحالی کا سال بھی قرار دیاگیاہے، تمام صوبوں، کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کانفرنس کاانعقاد کیاجائےگا جس میں 2025 کا کھیلوں کے حوالے سے روڈ میپ بنایا جائے گا اور2017 کی طرح رواں سال کے اختتام پر نیشنل گیمز کا انعقاد کیاجائےگا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ2017 میں جو فنڈز جناح اسٹیڈیم اسلام آباد کےلیے جاری کیے تھے، انہیں ٹھیک طرح استعمال نہیں کیاگیا۔
انہوں نےکہ مزید بتایا کہ اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں ائیر کنڈیشن لگائے جائیں گے تاکہ بین الاقوامی سطح کے مقابلے ہوسکیں، ملک میں 4 آسٹروٹرف آئندہ ماہ لگا دی جائیں گے جب کہ مزید 10 آسٹروٹرف لگانے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر مزید 250 منی اسپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے۔