کراچی (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں وہ یواے ای کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف متحدہ عرب امارات کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے، ابو ظبی میں یواے ای کے وزیراقتصادی امورنے استقبال کیا۔
اعلیٰ سطح کا وفد بھی شہبازشریف کے ہمراہ ہیں، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم کا یو اے ای کا تیسرا دورہ ہوگا۔
دورے کے دوران وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمدبن زیدالنہیان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کریں گے۔
یواے ای قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات سمیت اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے پر بات چیت ہو گی جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کےمعاہدوں میں پیشرفت پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور یو اے ای میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، متحدہ عرب امارات تقریباً 1.7 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے۔