لاہور (اسپورٹس ڈیسک): کراچی کنگز نے پی ایس ایل 8 کے اپنے آخری میچ میں لاہور قلندرز کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود لاہور قلندرز آخری نمبر پر آںیوالی کراچی کنگز کے ہاتھوں 86 رنز سے شکست کھاگئی۔ اسکے ساتھ ہی پی ایس ایل 8 کے گروپ مرحلے کا اختتام ہو گیا ہے اور دو دن آرام کے بعد 15 مارچ سے پلے آف مرحلہ شروع ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 30 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 197 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 18.5 اوور میں 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
قبل ازیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونیوالے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کراچی کنگز نے مقرہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ محمد اخلاق 51 ، کپتان عماد وسیم 45، طیب طاہر 40 اور بین کٹنگ 33 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان، حسین طلعت اور حارث رؤف نے 2، 2 جبکہ دلبر حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کپتان لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی کو آج کے میچ کیلئے آرام دیا گیا ہے جبکہ انکی جگہ کپتانی ڈیوڈ ویسا کرررہے ہیں۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد اخلاق نے بطور وکٹ کیپر اور بیٹسمین ڈیبیو کیا ہے جبکہ لاہور قلندرز کی طرف سے شین ڈیڈسویل ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔