اسلام آباد (ویب ڈیسک): بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے نام نہاد سابق گورنر ستیہ پال ملک کے تازہ ترین انکشافات نے ایک بار پھر فروری 2019ء کے پلوامہ حملے پر پاکستان کے موقف کی تصدیق کردی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشی کرتا ہے تاکہ وہ اپنے شرمناک شکار کے بیانیے اور ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے، بھارت یہ کام واضح طور پر ملکی سیاسی فائدے کے لیے کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے گی اور خود غرض سیاسی مفادات اور جھوٹ اور فریب پر مبنی پاکستان کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈا مہم کا جائزہ لے گی، بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے بھارت کو جواب دہ ٹھہرایا جائے، پاکستان بھارت کے جھوٹے بیانیے کا مقابلہ کرتا رہے گا اور مختلف اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔