لاہور (ویب ڈیسک): قومی احتساب بیورو (نیب) نے پنجاب میں مفت آٹا اسکیم میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن الزامات کی انکوائری کا فیصلہ کرلیا۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس معاملے پر تحقیقات کی درخواست کی تھی۔خیال رہےکہ کچھ روز قبل پنجاب کی نگران حکومت نے مفت آٹا اسکیم کے آڈٹ کرانےکا اعلان کیا تھا۔
ایک بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آڈٹ کا فیصلہ ن لیگ کے بعض رہنماؤں کے اسکیم پر الزامات اور پروپیگنڈے کے بعدکیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھاکہ چیئرمین نیب کوبھی درخواست بھیجی ہےکہ پروگرام کی جانچ پڑتال کریں، آڈٹ میں کوئی بےضابطگی پائی گئی تو قانون اپنا راستہ خود اپنائےگا۔
خیال رہےکہ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الزام لگایا تھا کہ حکومت کی مفت آٹا اسکیم میں 20 ارب روپے سے زائد کی چوری ہوئی ہے۔