راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک): ایچ بی ایل (پاکستان سپر لیگ) پی ایس ایل 8 کے 26 ویں میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 227 رنز کا ہدف دیا، لاہور قلندرز نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔
فخرزمان نے 57 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی۔ فخرزمان کی اننگز میں 8 چھکے اور 8 چوکے شامل ہیں۔ کامران غلام 41 اور سیم بلنگز نے 32 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویسا 6 اور عبداللہ شفیق ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے، راشد خان 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حسن علی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
227 رنز کےتعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 16ویں اوورز میں107 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ حسن علی اور الیکس ہیلز 18، 18 رنز بناکر نمایاں رہے، رحمان اللہ گرباز 15 ، شاداب خان 12 اور کولن منرو نے 11 رنز بنائے، آصف علی 7، فہیم اشرف 4 اور مبصر خان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کوالیفائیر میچ میں جگہ پکی کرلی ہے۔