رحیم یار خان (ویب ڈیسک):کچے کے علاقے میں اندھڑ گینگ کے ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ اور پولیس وین پر حملہ کردیا جس سے 5 پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل کے مطابق کچے کے علاقے میں پنجاب کی اندھڑ گینگ کے کارندوں نے سندھ کے ڈاکو ساتھیوں کے ہمراہ ہینڈ گرنیڈ اور راکٹوں سے پولیس کیمپ اور پولیس وین پر حملہ کیا، ڈاکوؤں کے حملے میں 5 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی پی او نے کہا کہ حملہ اندھڑ گینگ کے سرغنہ اور ساتھیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا لیکن ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ ضلع بھر سے پولیس کی مزید نفری بھی تھانہ کوٹ سبزل کے علاقے میں طلب کرلی گئی ہے، عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے پولیس کچے کے جرائم پیشہ ڈاکوؤں سے پوری قوت سے لڑ رہی ہے۔