کراچی (ویب ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجا پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کے فیصلے پر بول پڑے۔ گزشتہ روز نجم سیٹھی کی صدارت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریجنل، ڈسٹرکٹ اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کردی جائے گی جبکہ پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کردیا جائے گا۔
اب جونیئر لیگ کو شروع کروانے والے رمیز راجا نے اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔
“All kids need is a little help, a little hope and somebody who believes in them.” – Magic Johnson. It is so sad that PJL has fallen to vendetta politics & rolled back even though 7 of the kids made it to PSL 8 emerging category & 3 are part of Pak vs NZ as reserves.
— Ramiz Raja (@iramizraja) December 31, 2022
رمیز راجا نے امریکا کے سابق باسکٹ بال پلیئر میجک جانسن کے الفاظ شیئر کیے کہ ‘تمام بچوں کو ذرا سی مدد اور امید کی ضرورت ہوتی ہے، ساتھ ہی انہیں کسی ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو ان پر بھروسہ کرے’۔
سابق چیئرمین نے لکھا کہ ‘یہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ انتقامی سیاست کی نذر ہوگئی اور اسے ختم کردیا گیا، یہاں تک کہ پی جے ایل کے 7 بچوں نے پی ایس ایل 8 کی ایمرجنگ کیٹیگری میں جگہ بنائی اور ان میں سے 3 پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے ریزرو کھلاڑیوں میں ہیں’۔