راولپنڈی (ویب ڈیسک): راولپنڈی کے علاقہ ڈی ایچ اے میں 2 افراد سمیت گاڑی برساتی ریلے میں بہہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق 64 سالہ کرنل ریٹائرڈ کرنل اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے نکلے اور برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی تاہم سڑک پر پانی کا ریلہ گاڑی کو بہاکر لے گیا اور بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد بھی گاڑی کے ساتھ ہی پانی میں بہہ گئے، نالے میں کار سمیت بہہ جانے والے افراد گاڑی سے مدد کے لیے لوگوں کو پکارتے رہے، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں کار سواروں کو مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ڈی ایچ اے 5 میں برساتی ریلے میں بہنے والی اِس گاڑی میں ریٹائرڈ کرنل اپنی بیٹی کے ہمراہ جا رہےتھے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کار سوار مدد کےلئے ہاتھ ہلا رہے ہیں، اللہ اِنہیں محفوظ رکھے۔۔!! pic.twitter.com/htEGrQJzG7
— Khurram Iqbal (@khurram143) July 22, 2025
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ پانی میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، پولیس اور ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، اس دوران راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی پانی داخل ہوگیا اور ملحقہ دیہات بھی زیر آب آگئے، شدید بارش سے متاثر ہونے والے گاؤں میں باغ راجگان، کھڑکن، سوہاوہ شامل ہیں جب کہ اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر بارش کے پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔