کولکتہ (اسپورٹس ڈیسک): ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کرلی۔ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے، ویرات کوہلی 101 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
ODI CENTURY NUMBER 49 FOR VIRAT KOHLI 💯
On his 35th birthday at Eden Gardens, he equals Sachin Tendulkar's record 👏 https://t.co/MrCiCkm2Hi #CWC23 #INDvSA pic.twitter.com/l1dr6CjqzN
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) November 5, 2023
اس کے علاوہ شریاس ائیر نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ کپتان روہت شرما 40،شبمن گل 23 اور سوریاکمار یادیو نے 22 نے رنز بنائے، کے ایل راہول 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندرا جڈیجا 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔
جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 28 ویں اوور میں صرف 83 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، مارکو یانسن 14 اور وین ڈر ڈوسین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کپتان ٹمبا باووما اور ڈیوڈ ملر نے 11 ،11 رنز بنائے جبکہ ایڈن مارکرم 9 اور کیشو مہاراج 7 رنز بناسکے۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ لی۔
ویرات کوہلی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ویرات کوہلی نے کولکتہ میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں اپنی 35 ویں سالگرہ کے دن شاندار سنچری اسکور کرکے ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کیا۔
کوہلی کی ون ڈے سنچریوں کی تعداد 49 ہوگئی ہے، انہوں نے یہ سنگ میل 289 ویں میچ میں عبور کیا۔اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے 463 ون ڈے میچز میں 49 سنچریاں اسکور کی تھیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیمیں 8،8 میچز کھیل چکی ہیں، بھارت ناقابل شکست ہے جبکہ جنوبی افریقا نے 6 میچز جیتے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ کا چوتھا نمبر ہے۔
گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔