سوڈان (ویب ڈیسک): سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کی جھڑپوں میں معروف سوڈانی گلوکارہ شادِن گردود ہلاک ہوگئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے درمیان جھڑپوں کے دوران اُم درمان شہر میں شادِن گردود کے گھر پر گولہ گرا جس سے گلوکارہ کی موت ہوئی۔
گلوکارہ کی بھانجی نے فیس بک پر ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ’ وہ میرے لیے ایک ماں کی طرح تھیں، اللہ ان کی مغفرت کرے’۔
رپورٹس کے مطابق گلوکارہ فیس بک پر سرگرم تھیں اور اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے وہ ملک میں جاری جنگ پر تنقید کرتی تھیں۔
فیس بک پر اپنی ایک آخری پوسٹ میں گلوکارہ نے خرطوم میں لوٹ مار کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ہم 25 دن سے اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں، ہم بھوکے ہیں اور بہت زیادہ خوف میں جی رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سوڈان میں اقتدار پر قبضے کے لیے 15 اپریل سے فوج اور پیراملٹری فورسز میں جھڑپیں جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جھڑپوں میں اب تک 600 سے زیادہ شہری ہلاک اور 4 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ بجلی ،خوراک اور پانی کی بھی شدید قلت ہے۔