ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو واقعے کے 24گھنٹوں کے دوران ہی گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی ممبئی باندرہ رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گجرات کے شہر بھوج سے گرفتار کیا گیا اور دونوں ملزمان کا تعلق ریاستربہار سے ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ بھارت کی کرائم برانچ کے یونٹ 9 نے گزشتہ شب وکاس عرف وکی گپتا اور ساگر پال کو بہار سے گرفتار کیا۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کہنے پر اور رقم کے عوض سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان نے اپنی پستول سورت کے دریا میں پھینک دی تھی۔
ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے بھارتی پولیس کا بتانا ہے کہ اتوار کی صبح باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پر واقع سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کی بالکونی میں ملزمان نے فائرنگ کی تھی جس کا مقصد اداکار یا ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ خوف پھیلانا تھا۔