کراچی (ویب ڈیسک): کراچی سے پکنک منانےکینجھرجھیل جانے والوں کی گاڑی کوحادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق ٹھٹھہ میں چلیا کے مقام پر ٹرک اور وین میں ٹکر ہوئی، حادثے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق قذافی ٹاؤن کراچی کے رہائشی افراد وین میں سوار تھے اور چلیا کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والے ٹرک نے ان کی وین کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسا۔
جاں بحق افراد کی شناخت نعمان،عبید عالم، سیف اللہ ،عدنان،عبداللہ، محمد فیصل،نوراللہ،تسبیح اللہ اور قیصرکے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ میتیں کراچی سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے ٹھٹھہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
کامران ٹیسوری نے زخمیوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔