کراچی (شوبز ڈیسک): پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھارتی میڈیا سمیت مختلف میڈیا پر اپنے حمل سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی۔حال ہی میں بھارتی میڈیا پر ریڈٹ کی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ماہرہ خان کے حاملہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھاکہ ماہرہ خان اور سلیم کریم خان کے ہاں دوسرے بچے کی آمد متوقع ہے۔
ریڈٹ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ماہرہ خان اور سلیم کریم خان کے ہاں اگست اور ستمبر میں دوسرے بچے کی آمد متوقع ہے، حاملہ ہونے کی وجہ سے ماہرہ خان نیٹ فلکس کے پراجیکٹ ’ جو بچے سنگ سمیٹ لو ‘ اور دیگر پراجیکٹس سے دستبردار ہوگئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ جوڑا جلد ہی خوشخبری کا اعلان کرے گا۔
تاہم اب ماہرہ خان نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے حاملہ ہونے کی خبر کی تردید کردی۔
ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ نہ ہی وہ حاملہ ہیں اور نہ ہی وہ کسی او ٹی ٹی سیریز سے دستبردار ہوئی ہیں ۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان 2 اکتوبر کو اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔