راولپنڈی (ویب ڈیسک): بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہےکہ انہوں نے غیر ملکی جریدے (دی اکانومسٹ) میں چھپا آرٹیکل وکلا کو زبانی ڈکٹیٹ کیا تھا، ان کو ہدایت کی تھی کہ میرے وی لاگز سے باقی چیزیں اٹھائی جائیں۔اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سےگفتگو کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ جو مرضی کرلیں ہم آخری بال تک لڑیں گے۔بانی پی ٹی آئی سے سوال ہوا کہ مرتضیٰ سولنگی نےکہا ہےکہ آرٹیکل آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے لکھا گیا ہے۔
اس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جیل سے ایک کاغذ تک باہر نہیں جاسکتا، آرٹیکل وکلا کو زبانی ڈکٹیٹ کیا تھا، ان کو ہدایت کی تھی کہ میرے وی لاگز سے باقی چیزیں اٹھائی جائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اچھی طرح جانتا ہوں، وہ دو امپائرز کے بغیر میچ نہیں کھیلتا، نواز شریف لندن پلان کے تحت گارنٹی لےکر پاکستان آیا ہے، نواز شریف تصدیق شدہ منی لانڈرر ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مریم نواز، شہباز شریف اور آصف زرداری کےکیس کو کوئی نہیں پوچھتا۔
شیخ رشیدکی حمایت نہ کرنےکے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اصول بنایا ہے جس نے پارٹی کے خلاف پریس کانفرنس کی اسے ٹکٹ نہیں دیں گے۔
بانی پی ٹی آئی سے سوال ہوا کہ سپریم کورٹ کے دو ججز نے استعفیٰ دیا کیا آپ کو علم ہے؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ جوکچھ ہو رہا ہے تشویش ناک ہے، دیکھتے ہیں سپریم کورٹ کیا اسٹینڈ لےگی۔