کراچی (ویب ڈیسک): کراچی سے کالعدم تنظیم داعش کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کورنگی صنعتی ایریا میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کورنگی صنعتی ایریا میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے اہم کمانڈر عبدالمالک ولد ابراہیم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے غیر قانونی 30 بور پستول برآمد کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران انٹروگیشن انکشاف کیا کہ وہ 2011 سے داعش ملا عبدالمنان گروپ سے وابسطہ رہا ہے۔ ملزم افغانی ہے اور کافی عرصے سے کراچی میں مقیم ہے، گرفتار ملزم اکثر رمضان کے مہینے میں کراچی سے چندہ اکٹھا کرکے افغانستان میں داعش کو دیتا ہے۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ حوالہ ہنڈی کا کام بھی کرتا ہے اور اب تک لاکھوں روپے حوالہ ہنڈی کے ذریعے افغانستان بھیج چکا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے موبائل فون سے اہم معلومات ملی ہیں جس کا فرانزک معائنہ کروایا جا رہا ہے، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کی گئی جس میں کالعدم تنظیم داعش کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کالعدم داعش کا اہم کمانڈر عبدالمالک سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔