سجاول (نجات نیوز): قومی عوامی تحریک کی جانب سے غیر مقامی لوگوں کی آباد کاری ،نئے صوبے بنانے کے لیے کمیٹی کی تشکیل دینے،مہنگائی اور زمینوں پر قبضے کے خلاف احتجاجی مارچ قافلہ جھمپیر سے نکل کر مختلف دیہات اور شہروں سے ہوتا ہوا سجاول پہنچا. کارواں کا مختلف مقامات پرپرتپاک استقبال کیا گیا۔
قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار، جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار اور دیگر کی قیادت میں سجاول پاس سے کارواں شہر کے مختلف چوکوں سے ہوتا ہوا پبلک پارک پہنچا جہاں مرکزی صدر لال جروار جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار نے سجاول کے ضلعی صدر حسین آزاد میمن نے خطاب کیا۔
رہنماؤں نے حکومت سے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے اور آٹے کا بحران ختم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف سندھ حکومت غیر مقامی لوگوں کو آباد کر رہی ہے اور دوسری طرف ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کی سخت الفاظ ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سندھ کو ان مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانی اور دیگر غیر مقامی لوگوں کو صوبے سے نکالا جائے اور نئے صوبے بنانے کی کوششوں کا سدباب کیا جائے .