کراچی: (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون بارشوں کی نوید سنا دی ہے،مغربی ہوائیں ملک کے بلائی علاقوں میں داخل مون سون بارشیں شروع ہونے کے نتیجے میں ملک میں گرمی کی شدت میں بھی کمی واقع ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 جولائی سے 8 جولائی تک ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
آئندہ چند روز تک پنجاب کا موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بھی دن کے وقت موسم گرم اورمرطوب رہے گا، شام اور رات میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارکھان، لسبیلہ، ڈی آئی خان، ملتان، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹہ، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام اور رات کو مری،گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال میں بھی تیز بارش ہوگی،کوہستان، مانسہرہ،ایبٹ آباد، بالاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چارسدہ،مردان، پشاور،کوہاٹ اورکرم میں بھی آندھی اوربارش ہوسکتی ہے۔ سرگودھا،فیصل آباد، بہاولنگر،نارووال،سیالکوٹ، گوجرانوالہ اورلاہور بھی شامل ہیں۔ بعد دوپہرقلات، خضدار اوربارکھان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ میرپورخاص میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ آزاد کشمیر میں گرج چمک اور چندمقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 6 جولائی سے ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے، 4 سے 7 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات میں ریلیف کیمپوں والی جگہ کا تعین پہلے سے کیا جائے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
دوسری جانب بارکھان، لسبیلہ، ڈی آئی خان اور ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، سندھ کے شہر سکھر، جیکب آباد، ٹھٹہ، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔