گبون (ویب ڈیسک): افریقی ملک گبون میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرکے صدر کو نظر بند کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فوج کی سینئر قیادت نے سرکاری ٹیلی ویژن پرقوم سے خطاب میں کہا کہ فوج نے تمام اختیارات حاصل کرلیے ہیں اور الیکشن کو معطل کردیا ہے۔گبون کی عسکری قیادت نے کہا کہ حالیہ انتخابات قابل اعتبار نہیں تھے اس لیے انہیں معطل کردیا گیا ہے جب کہ تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کرکے ملکی سرحدوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
عسکری قیادت نے کہا کہ وہ ملک کی تمام سکیورٹی اور دفاع فورسز کے نمائندے ہیں جب کہ گبون کے لوگوں کے نام پیغام ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ اس حکومت کا خاتمہ کرکے امن کا دفاع کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گبون کے سرکاری ٹی وی نے حال ہی میں ملک میں ہونے والے متنازع الیکشن میں علی بونگو کی تیسری مرتبہ کامیابی کا اعلان کیا تھا۔
گبون کے الیکشن سینٹر کے مطابق علی بونگو نے الیکشن میں 64.27 فیصد ووٹ حاصل کیے اور ان کے مدمقابل البرٹ اوندو نے 30.77 فیصد ووٹ لیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گبون کی اپوزیشن نے ملک میں ہونے والے الیکشن کو فراڈ قرار دیا تھا۔
ملک میں فوجی بغاوت کرنے والے فوجی افسر نے کہا کہ صدر علی بونگو کو گھر میں نظر بند کیا گیا ہے ، ان کے ساتھ ان کے اہلخانہ اور ڈاکٹرز بھی موجود ہیں جب کہ صدر کے ایک بیٹے کو بغاوت کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔