کراچی (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے.تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف متحدہ عرب امارات کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے، ابو ظبی میں یواے ای کے وزیراقتصادی امورنے استقبال کیا۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کو دیے گئے 2ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے مزید ایک ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے دورے پر جانے والے وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ابوظبی میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔
اماراتی صدر نے شہباز شریف کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی برادری کی قابل قدر خدمات کو بھی سراہا۔
وزیر اعظم نے امارات کے دورے کی دعوت پر صدر محمد بن زید کا شکریہ ادا کیا اور دونوں نے رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ پر تبادلہ کیا اور توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے حامل قومی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو کی اور دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا۔
اعلیٰ سطح کا وفد بھی شہبازشریف کے ہمراہ ہیں، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم کا یو اے ای کا تیسرا دورہ ہے۔