متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان میں اپنے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوورکردیے ہیں۔ اس بات کا انکشاف گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نےکراچی چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ پورٹ پہ رکے ہوئے5700 کنٹینرزکو ریلیزکرنا ہے، اسے حل کریں گے۔
یو اے ای کا پاکستان کا 2 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے اور مزید ایک ارب ڈالر دینے کا اعلان
اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزکامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےگورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ہمیں کاروبار کو سہولت دینا ہے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب اقدامات کرنے پڑے، ہماری امپورٹس کم ہوئی ہیں، 33 ہزار لیٹر آف کریڈٹس کےکیسزکلیئرکیے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے ملک میں ڈالرز آنے والے ہیں، جس کے بعد زر مبادلہ کے ذخائر بڑھنا شروع ہوجائیں گے ، مزید ڈالرز آتے ہی مزید امپورٹ کی سہولت دیں گے۔
ایک سوال پر گورنر اسٹیٹ بینک نےکہاکہ ڈالرزکے معاملے پر بینکس کے خلاف تحقیقات مکمل ہیں، جلد ایکشن لیا جائےگا،کسی بینک کو نہیں چھوڑیں گے، رپورٹ 23 جنوری کو سامنے آئےگی۔