پینٹاگون (ویب ڈیسک): امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے انتہائی حساس امریکی دستاویزات کا افشا ہونا قومی سلامتی کے لیے انتہائی سنگین خطرہ قرار دے دیا۔گزشتہ دنوں امریکا اور نیٹو کا خفیہ منصوبہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔ امریکی منصوبے میں روس پر حملے کے لیے یوکرین کو مسلح کرنے سے متعلق معلومات شامل تھیں، جنگی منصوبے میں یوکرینیوں کی غیرمعمولی اموات کا ذکر کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ان دستاویزات میں دعویٰ کیاگیا کہ جنگ میں اب تک 71 ہزار 500 یوکرینی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ جنگ میں 16ہزار سے17ہزار روسی فوجی ہلاک ہوئے ۔
خفیہ دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ یوکرین کی 12 میں سے 9 بریگیڈ امریکا نے مسلح کیں۔
انتہائی حساس امریکی دستاویزات سامنے آنے پر ترجمان پینٹاگون کرس میگر نے کہا ہے کہ دستاویزات میں موجود معلومات سے لوگوں کی جانیں جاسکتی ہیں،ڈیفنس سیکرٹری لائیڈ آسٹن کو ان دستاویزات سے متعلق 6 اپریل کو بریف کیا گیا۔
ترجمان پینٹاگون کا کہنا ہے کہ پینٹاگون کی ٹیم پرکھ رہی ہے کہ دستاویزات اصل ہیں یا نہیں جبکہ محکمہ انصاف دیکھ رہا ہے کہ دستاویزات لیک کیسے ہو گئیں؟