رفح کراسنگ – مصر (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اختیار نہیں، جن کے پاس اختیار ہے ان سے اپیل ہے کہ غزہ کی جنگ روکی جائے۔مصر میں رفح کراسنگ کے دورے پر اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ غزہ کے فلسطینیوں کا درد دنیا کے سامنے لانے کے لیے رفح آیا ہوں۔
انہوں نےکہا کہ غزہ میں پہلے سے کہیں زیادہ اب انسانی امداد کی ضرورت ہے، امدادی سامان کے ٹرکوں کو غزہ کی سرحد پر روکنا اخلاقی کمزوری ہے، اسرائیل کو انسانی امداد کی رسائی پورے غزہ میں بلا روک ٹوک دینی چاہیے۔
انتونیوگوتریس نے کہا کہ غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے مصر کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، رفح میں زمینی آپریشن انسانی تباہی کا سبب بنےگا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب وقت ہےکہ انسانی بنیاد پر جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی ہو، اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ اتنے لوگوں کو مرتا ہوا اور اتنی اذیتوں میں نہیں دیکھا جاسکتا، ہمارے پاس اختیار نہیں، جن کے پاس اختیار ہے ان سے اپیل ہے کہ غزہ کی جنگ روکی جائے۔