(ویب ڈیسک): بھارت کے سابق کرکٹرز ہربھجن سنگھ، یووراج سنگھ اور سریش رائنا پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے معذور افراد کا مذاق اڑانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔سابق بھارتی کرکٹرز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی جیت کی خوشی میں ایک ویڈیو بنائی جس کے بعد ان پر کے خلاف مقدمے کے لیے شکایت درج کرائی گئی ہے۔
سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے علاوہ یووراج سنگھ، سریش رائنا اور گورکیرت مان جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم بیڈ نیوز کے مقبول گانے توبہ توبہ پر لنگڑاتے ہوئے چلنے کی اداکاری کر رہے ہیں۔
ہربھجن سنگھ نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اداکار وکی کوشل اور گلوکار کرن آوجلہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ لیجنڈز کرکٹ کے 15 دنوں میں باڈی کی توبہ توبہ ہوگئی ہے، جسم کا انگ انگ دُکھ رہا ہے۔
ویڈیو وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی کرکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستانی کھلاڑیوں کی تضحیک کرنے کے ساتھ ساتھ معذور افراد کا مذاق اڑانے کا الزام لگایا۔
کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹرز پاکستان کے سینئر کھلاڑی جو لیجنڈز لیگ کا حصہ تھے، ان کا مذاق اڑارہے ہیں جب کہ کچھ نے کہا یہ معذور افراد کے لیے تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔
بھارت کی پیرا بیڈمنٹن اسٹار مناسی جوشی نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی کرکٹرز کے اس اقدام کو ’بے حسی‘ قرار دیا اور لکھا کہ آپ جیسے کھلاڑیوں سے ذمہ دارانہ رویے کی توقع تھی، یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔