لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے اعلان کیا ہے کہ مین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضےکو دگنا کیا جا رہا ہے۔ ذکا اشرف نے یہ اعلان لاہور قلندرز کے ویمن پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی پہلی کلاس کی اورینٹیشن کے موقع پرکیا۔اس موقع پر ذکااشرف کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹرز کو بھی اتنا معاوضہ ملےگا کہ اس سے پہلےکسی نے نہیں دیا ہوگا۔
ذکا اشرف نے لاہور قلندرز کی پاکستان کرکٹ میں خدمات کو سراہا، انہوں نےکہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اس ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی ضرروت ہے، کرکٹرز ہماری جان ہیں ہماری پہچان ہیں، پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں شرکت کرنا ہے، ہماری خواہش ہےکہ ٹیم اچھا کرے، ہم ٹیم کو ٹاپ پر دیکھنا چاہتے ہیں ، یہ ٹیم امیدوں پر پورا اترے گی۔
ذکا اشرف نے کہا کہ مین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضے میں دگنا اضافہ کیا جا رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑی کرکٹ سے پیسا کمائیں اور ملک کی خدمت کریں اور ٹیم کو ٹاپ پر لائیں۔
انہوں نےکہا کہ جب سے میں نے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں ویمن کرکٹ کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، خواتین کرکٹرز کو قومی سینٹرل کنٹریکٹ میں اتنی رقم دی جائےگی جو اس سے پہلے نہیں ملی ہوگی، اس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کنٹریکٹس کو بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاتھ وے پوگرام ترتیب دیا جا رہا ہے، ایسے گراؤنڈ مہیا کریں گے جو صرف ویمن کرکٹرز کی ٹریننگ کے لیے مخصوص ہوں گے، پی ایس ایل کی طرز پر ویمن لیگ بھی لانچ کی جا رہی ہے، اس سے ویمن کرکٹرز کو مواقع ملیں گے۔