اسلام آباد(ویب ڈٰیسک ): ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کوبجلی تقسیم کے نظام کو جدید بنانے کیلئے 20کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق ڈسکوز کی قابل بھروسہ بجلی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالرز قرض دیا جائے گا۔
اے ڈی بی کے مطابق رقم سے لیسکو، میپکو اور سیپکوکے انفرا اسٹرکچرمیں بہتری لائی جائے گی، گرڈ سے قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی سے کاروباروں کو بڑی سہولت حاصل ہوگی جب کہ بجلی کے ترسیلی نقصانات کم کرنے اور انفرا اسٹرکچربہتربنانے میں مددملےگی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے مدد فراہم کرے گا، امداد سے بجلی تقسیم کا نظام جدید بنایا جائے گا اور نقصانات کو کم کیا جائے گا جب کہ بجلی نقصانات میں کمی سے شعبے کے مجموعی نقصانات میں خاصی کمی ہوگی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق منصوبے کے تحت 3 لاکھ 32 ہزار ایڈوانس میٹر لگائے جائیں گے جس سےڈسکوزکو اصل وقت میں بجلی کے استعمال اور گرڈکارکردگی کا ڈیٹا میسر ہوگا جب کہ منصوبے سے تینوں ڈسکوزکی آن لائن ٹرانسفارمر مانیٹرنگ کی جاسکے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قرض سے سیپکوکے چار 66 کلو واٹ گرڈ اسٹیشنز کو 132کلو واٹ پر منتقل کیاجائےگا، لیسکومیں 25 گرڈ اسٹیشنز کو جدید بنایا جائے گا جب کہ تقسیم کا نظام اپ گریڈ کرنے سے نقصانات میں کمی اور بل وصولی میں اضافہ ہوگا۔